رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پاکستانی بحریہ اسکواڈرن ایران پہنچ گیا
ایران اور پاکستان کے درمیان بحری تعاون دونوں دوست، ہمسایہ اور مسلمان ملکوں کے درمیان گہرے اسٹریٹیجک تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔
یہ بات ایرانی بحریہ کے فرسٹ ریجن کے ڈپٹی کمانڈر کیپٹن قادر وظیفہ نے بندرعباس میں پاکستانی بحریہ کے اسکواڈرن کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کیپٹن قادر وظیفہ کا کہنا تھا کہ ہمارا بحری تعاون خلیج فارس کے اسٹریٹیجک خطے میں امن اور استحکام کی علامت ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آبنائے ہرمز، خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں بیرونی طاقتوں کی موجودگی کی ہرگز ضرورت نہیں۔
کیپٹن قادر وظیفہ نے مزید کہا کہ علاقے کے ملکوں کے درمیان تعاون کے ذریعے علاقائی سلامتی کا تحفظ ممکن ہے۔
پاکستانی اسکواڈرن لیڈر کموڈور ریحان نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے اسکواڈرن کی بندر عباس آمد علاقائی سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے دونوں ہمسایہ ملکوں ایران اور پاکستان کے ٹھوس عزم و ارادے کی نشانی ہے۔
واضح رہے کہ تین جہازوں پر مشتمل پاکستانی بحریہ کا ایک اسکواڈرن، عسکری اور سفارتی تعلقات کے فروغ کی غرض سے اتوار کی صبح جنوبی ایران کی بندر گاہ، بندر عباس پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔ پاکستانی بحریہ کے اسکواڈرن کی استقبالیہ تقریب میں، تہران میں متعین پاکستان کے فوجی اتاشی بریگیڈیئر عمران کاشف بھی موجود تھے۔