Dec ۱۰, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • ترکی ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا مخالف ہے: ترک اسپیکر

ایران اور ترکی کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں نے علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں میں دونوں ممالک کے موقف کے پیش نظر دو طرفہ تعاون کی سطح کو بڑھانے اور تہران-انقرہ جامع تعاون کی دستاویز کو حتمی شکل دینے پر زور دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے جو فلسطین اور افغانستان کے موضوع پر اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین (PUIC) کے سولہویں اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی کے دورے پر ہیں ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر مصطفی شنتوپ کے ساتھ ملاقات کی۔

ہونے والی ملاقات میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایران اور ترکی قریبی تعاون کے ذریعے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اچھے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

ایران کے اسپیکر نے کہا کہ ایران کی حکومت اور پارلیمنٹ کی ترجیحات میں پڑوسی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے امریکہ کی دشمنی اور ترکی پر امریکی دباو ان ممالک  کی علاقے میں اہم کردار کی وجہ سے ہے اور مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی اور ایران اور ترکی کے تعلقات کی ترقی کے لیے روڈ میپ کا تعین کیا جائے گا اس لئے کہ بلا شک دونوں ممالک  عراق اور شام  کے مسائل کے حل اورعلاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت سے مشترکہ مفادات ہیں اور ان مفادات اور دونوں ممالک کے موثر کردار  کی وجہ سے بیرونی طاقتیں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کے مخالف ہیں۔

 ایرانی اسپیکر نے شام اور عراق کے مسائل کے حل میں ایران- ترک پارلیمانی دوستی گروپوں کے تعمیری کردار کو بہت اہم قرار دیا۔

اس موقع میں ترکی کے اسپیکر مصطفی شنتوب نے کہا کہ بدقسمتی سے کورونا کی وبا کی وجہ سے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین (PUIC)  کا کردار کمزور ہو گیا ہے۔

انہوں نےاسلامی ممالک کے درمیان جامع اور قریبی تعاون کے ذریعے اس یونین کی پوزیشن کو ایک بار پھر مضبوط کرنے کی ضرورت پر تاکید کی۔

ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ویانا مذاکرات کا مثبت نتیجہ نکلے گا۔

انہوں نے خطے میں ایران اور ترکی کی پوزیشن اور دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ مسائل کے پیش نظر سرحدوں میں دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے اور  سرحدی سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف بدھ کے روز 9 اور 10 دسمبر کو منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین (PUIC) کے سولہویں اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی کے دورے پر روانہ ہوئے۔

ٹیگس