ایران اور گروپ 1+4 کے درمیان ویانا مذاکرات
ایران اور گروپ 1+4 کے درمیان مذاکرات کا آٹھواں مرحلہ کل 27 دسمبر سے ویانا میں شروع ہو گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ علی باقری کنی اور دیگر اراکین کل پیر کی صبح جوہری مذاکرات میں حصہ لینے کیلئے ویانا کا دورہ کریں گے۔
جوہری معاہدے کی بحالی اور ایران کیخلاف پابندیوں کی منسوخی کے آٹھویں مرحلے کے مذاکرات کا ایران اور 1+4 گروہ کے نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر پیر کو ویانا میں انعقاد کیا جائے گا۔
مذاکرات کا آٹھواں مرحلہ پیر کو شروع ہو نے والا ہے، جس میں توقع کی جاتی ہے کہ یورپی فریقین زیادہ سنجیدگی سے مذاکرات کی میز پر آئیں گے اور پروپیگنڈے سے گریز کرتے ہوئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے گزشتہ جمعرات کو اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مغربی فریقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ کو ایران کے پرامن جوہری پروگرام سے متعلق خدشات کو دور کرنا ہے تو ایران کیخلاف تمام پابندیاں اٹھا لی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی مضبوط منطق کے ساتھ کسی اچھے معاہدے تک پہنچنے کیلئے مذاکرات کے عمل کو جاری رکھے گا۔