Dec ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکریٹری کی پاکستان کے وزیر مذہبی امور سے ملاقات

تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکریٹری اور ان کے ہمراہ جانے والے ایرانی وفد نے، اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر مذہبی امور سے ملاقات کی ہے۔

حجت الاسلام حمید شہریاری اور پیر نورالحق قادری کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ایران پاکستان تعاون، مذہبی اور ثقافتی روابط، علاقائی مسائل ، خاص طور سے مسئلہ فلسطین اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے وزیر مذہبی امور نے اس ملاقات میں، تقریب مذاہب اسلامی کے وفد کے دورے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے علمائے اسلام کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے مسلمانوں میں اتحاد کے فروغ اور خاص طور سے پاکستان اور ایران کے مسلمانوں کے درمیان باہمی رشتوں کو مضبوظ بنانے کے سلسلے میں تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پاک ایران تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علما اور دانشوروں کے وفود کے تبادلے اور مذہبی سیاحت کے فروغ کو ضروری قرار دیا۔
واضح رہے کہ تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکریٹری حجت الاسلام حمید شہریاری پاکستان کی اعلی مذہبی قیادت اور علمائے کرام سے ملاقات کی غرض سے اتوار کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔

ٹیگس