Jan ۰۴, ۲۰۲۲ ۲۱:۵۵ Asia/Tehran
  • شہید سلیمانی کا طرز زندگی آئندہ نسلوں کے لئے ایک بڑا درس ہے : جنرل باقری

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے سردار محاذ استقامت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تمام صفات و عادات اور ان کی یادیں ایران اور علاقے کے عوام ، نوجوانوں اور آئندہ نسلوں کے لئے ایک بڑا درس اور نمونہ عمل ہوں گی۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے منگل کو کرمان کے گلزار شہداء میں شہید جنرل سلیمانی کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم شخصیت کی رفتار و گفتار ، صفات وکردار ،عادات و اطوار اور معنوی ، عرفانی و اخلاقی حالات چاہے وہ ذاتی زندگی سے تعلق رکھتے ہوں یا سماجی ، انتظامی ، عسکری شعبوں سے یا پھر شہدا کے بچوں سے اظہار شفقت مظلوموں کی مدد اور ظالموں کے خلاف برہنہ تلوار ہوجانے کی صفت ہو یہ سب کی سب ایران، علاقے کے ملکوں اور اسی طرح پوری دنیا کے نوجوانوں اور جوانوں کے لئے نمونہ عمل ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ ابھی اس عظیم شہید کے بہت سے اسرار و رموز ، اقدامات و زحمات اور کوششوں کو بیان نہیں کیا گیا ہے جو بتدریج ان کے ساتھیوں اور دوستوں کے ذریعے سامنے آرہا ہے۔

درایں اثنا ایران کی حکومت کے ترجمان نے سوشل میڈیا سے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصویریں ڈیلیٹ کئے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کوانسانی حقوق کے منافی اس رویے کو ترک کرنا چاہئے۔ حکومت ایران کے ترجمان علی بہادری جہرمی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سوشل میڈیا سے ہیرو کی تصویر ہٹانا امریکہ کی اس دہشت گردانہ اور تشدد پسندانہ ماہیت کو ظاہر کرتا ہے جس کے تحت اس نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کا یہ بزدلانہ اقدام آزادی بیان اور دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کے جذبات کے خلاف انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب ایران کے اٹارنی جنرل نے شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کے قتل میں ملوث ایک سو ستائیس ملزموں کی شناخت کرلئے جانے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ ان میں سے چوہتر افراد امریکی شہریت رکھتے ہیں۔ ایران کے اٹارنی جنرل حجت الاسلام محمد جعفر منتظری نے عدلیہ کی اعلی کونسل کے اجلاس میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کیس کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ قتل کی عدالتی کارروائی کا عمل چار جنوری دو ہزاربیس یعنی شہید سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے دوسرے ہی دن سے شروع ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تین جنوری کو اسلامی جمہوریہ ایران ، عراق ، ہندوستان ، پاکستان سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں سپاہ قدس کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی اور عراق کی رضاکار فورس حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابومہدی المہندس کی شہادت کی دوسری برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔

ٹیگس