ایرانی بارڈ سیکورٹی کمانڈر کراچی پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور گیارہویں بارا کوڈا فوجی مشقوں میں شرکت کے لئے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایران کے فوجی اتاشی جنرل مصطفی قنبر پور اور پاکستان کی میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر اسلامی جمہوریہ ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر، جنرل احمد علی گودرزی اور ان کے ہمراہ وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر کا دورہ کراچی، پاکستانی بحریہ کی سیکورٹی ایجنسی کے سربراہ کی دعوت پر انجام پایا ہے۔ اس دورے کا مقصد بحری اور سرحدی سیکورٹی امور میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
جنرل گودرزی پاکستانی بحریہ کی سیکورٹی ایجنسی کے سربراہ میرزا فؤاد امین بیگ سے ملاقات کے ساتھ ہی گیارہویں باراکوڈا مشقوں میں بھی حصہ لیں گے۔ گیارہویں بارا کوڈا فوجی مشقیں منگل سے شروع ہوئی ہیں اور اس میں دنیا کے نو ممالک شریک ہیں۔ یہ فوجی مشقیں جمعرات تک جاری رہیں گی۔
بارا کوڈا فوجی مشقیں بحیرہ عرب کے شمالی علاقے میں پاکستانی بحری حدود میں کراچی کی ساحلی پٹی کے قریب ہو رہی ہیں۔