Jan ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • یمن، ایک جیل پر جارح سعودی اتحاد کا وحشیانہ حملہ/ یمنی رہنما نے تکفیری دہشتگرد ٹولوں پر جاری مغربی جوئے کی بابت خبردار کیا

یمن کے صوبہ صعدہ اور الحدیدہ پر سعودی حملے میں دسیوں یمنی شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے - دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملک میں امریکی منصوبے کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

سعودی اتحاد نے جمعہ کی صبح یمن کے شمالی صوبے صعدہ کی ایک جیل پر بمباری کرکے دسیوں افراد کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا - بمباری میں تباہ ہوجانے والی جیل کی عمارت کے ملبے سے مرنے والوں اور زخمیوں کو باہر نکالا گیا ہے لیکن ابھی تک کتنے افراد اس حملے میں مارے گئے ہیں اس کی صحیح تفصیل معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

قبل ازیں سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اپنی مسلسل ناکامیوں کا بدلہ لینے کے لئے یمن کے صوبہ الحدیدہ پر بھی بمباری کی، اس حملے میں بھی متعدد یمنی عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملک میں امریکی منصوبے کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ علی القحوم کا کہنا ہے کہ ملک میں امریکی منصوبے کا کوئی مستقبل نہیں ہے اور یہ، یمن کی فوج اور رضاکار فورس کے آپریشنز کا پیغام ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ ملک کی مسلح افواج ، ملک کے دفاع کے لئے تمام امکانات اور توانائی کا استعمال کریں گی۔ علی القحوم نے المسیرہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی مسلح افواج کے آپریشنز پر سیاسی لحاظ سے مثبت رد عمل آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دشمنوں نے داعش اور القاعدہ کے دہشت گرد گروہ پر جوا کھیلنا شروع کر دیا ہے اور یہ گروہ بھی ملک کی سرزمین پر دشمنوں کے آخری پتے ہیں جن کو جلد ہی نکال دیا جائے گا۔

یمن کے اس سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ یمنی قوم نے جنگ کے میدان میں عجیب و غریب کامیابیاں حاصل کی ہیں اور متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور امریکا کو یہ واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ تکفیری گروہوں پر جوا کھیلنا بہت بڑی غلطی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے آغاز سے ہی دشمن کی کوشش تھی کہ وہ یمن کو تقسیم اور اس ملک کو تباہ و برباد کردے، لیکن آج یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے پاس  ملک اور یمنی عوام کی حفاظت کے لئے اسٹریٹیجک آپشن موجود ہیں۔

ٹیگس