Jan ۲۲, ۲۰۲۲ ۲۱:۳۱ Asia/Tehran
  • ہولو کاسٹ کے بارے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد پر ایران کا ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صیہونی حکومت کی ایماء پر ہولوکاسٹ کے بارے میں قرار داد پاس کئے جانے کے اقدام پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام صیہونی حکومت کے دباؤ میں اور عالمی اداروں پر اس کے اثر و رسوخ کی وجہ سے انجام پایا ہے جس کو تہران پوری طرح مسترد کرتا ہے ۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کا یہ اقدام اپنے جرائم کی پردہ پوشی کے لئے صیہونیوں کے ذریعے عالمی سطح پر بین الاقوامی تنظیموں سے غلط فائدہ اٹھائے جانے کی ایک اور کوشش ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کو ہر طرح کے جارحانہ اقدامات پر بعض تسلط پسند طاقتوں کی حمایت حاصل ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جس طرح سے سب پر یہ بات واضح ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران انجام پانے والے جرائم نسل پرستی اور توسیع پسندی جیسے دو محرکات کی بنا پر انجام پائے تھے اوراس وقت غاصب صیہونی حکومت ان دونوں شیطانی صفت اور طینت کی وارث اور نسل پرستی و توسیع پسندی کے میدان میں سب سے آگے ہے۔

اس بیان میں آیا ہے کہ متعدد بین الاقوامی دستاویزات میں غاصب صیہونی حکومت کے نسل پرستانہ رویے کا ذکر موجود ہے اورعالمی برادری کے مستحکم عزم و ارادے کے باوجود غاصب صیہونی حکومت بدستور توسیع پسندانہ عزائم کی حامل واحد غاصب حکومت کے طور پر باقی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ نسل کشی کی اس کی ہر شکل میں مذمت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ دوسری عالمی جنگ میں ایران بعض یورپی ملکوں کے پناہ گزینوں کا میزبان بنا رہا جبکہ غاصب صیہونی حکومت نے ہمیشہ دوسری عالمی جنگ میں ہونے والی ہلاکتوں اور یہودیوں کو اپنے شرمناک اور جارحانہ اقدامات کا جواز پیش کرنے کےطور پر استعمال کیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں اسی طرح کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور غاصب حکمرانوں نے گذشتہ سات عشروں کے دوران ہر قسم کے جرائم اور بین الاقوامی قوانین و انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے اور فلسطینیوں اور علاقے کے دیگر ملکوں کے عوام کے خلاف وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ نسل کشی، قتل و غارتگری، نسلی صفائی ، گھروں کی مسماری اور بے گناہ انسانوں کا محاصرہ ایسے جرائم ہیں کہ جن کا ارتکاب غاصب صیہونی حکومت مسلسل کرتی آئی ہے۔

اس بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک بار پھراس بات کی تاکید کرتا ہے کہ تاریخی المناک واقعات کی تکرار روکنے کے لئے تاریخی تحقیقات کی ضرورت ہے جو ہر طرح کے سیاسی اغراض و مقاصد سے پاک ہو اسی لئے اس طرح کے دعوے کبھی بھی قابل قبول نہیں رہے اور ہولوکاسٹ کے بارے میں اس طرح کی قرارداد کو بھی متفقہ قرارداد نہیں سمجھا جاسکتا اسی لئے اس قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعرات کے روز غاصب صیہونی حکومت اور جرمنی کی حمایت سے ہولوکاسٹ کے کسی بھی طرح سے انکار پر پابندی کی قرارداد پاس کی ہے۔

ٹیگس