ایران نے فٹبال ورلڈ کپ کیلئےکوالیفائی کرلیا، ملک بھر میں جشن
ایران کی قومی فٹبال ٹیم نے آج جمعرات کو عراق کی فٹ بال ٹیم کو شکست دے کر ورلڈ کپ کیلئےکوالیفائی کرلیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی فٹ بال ٹیم کی شاندار کامیابی کا جشن اس وقت پورے ایران میں منایا جا رہا ہے۔ لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور قومی پرچم لہرا کر ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج آزادی اسٹیڈیم میں ایران نے اپنے ایک اہم میچ میں عراق کی فٹبال ٹیم کو ایک گول سے شکست دی۔ ایران کے فوٹبال اسٹار مہدی طارمی نے اپنی ٹیم کے لئے ویننگ گول کیا۔
آج کے میچ میں تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور میچ کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر فٹبال شائقین کے علاوہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر اور وزیر کھیل حمید سجادی بھی میچ دیکھنے کے لئے آزادی اسٹیڈیئم پہنچے۔
خیال رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ رواں برس نومبر کے مہینے میں قطر میں شروع ہوگا۔