Mar ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۸ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاووش اوغلو سے ٹیلیفونی گفتگو میں یوکرین میں جنگ رکوانے کے لئے سیاسی پہل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو آگے بڑھانے میں ایران ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے آنتالیا سفارتکاری انجمن کے اجلاس کے ساتھ ساتھ ترکی، روس اور یوکرین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے کامیاب انعقاد کی امید ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ آنتالیا سفارتکاری انجمن کے اجلاس میں ایرانی وزارت خارجہ کا ایک وفد بھی شرکت کرے گا۔

امیر عبد اللہیان نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے اور آیندہ ہفتے دونوں ملکوں کے وفد تہران-انقرہ روابط کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کریں گے۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں ترک وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے دونوں ملکوں کے صدر کی حمایت کے سایے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو دوستانہ بتایا۔

چاووش اوغلو نے یوکرین کے بحران کے مزید پیچیدہ ہونے اور اس ملک میں ممکنہ انسانی المیہ کے وقوع ہونے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے روس، یوکرین اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس کے مقصد کو خطے میں پایدار امن و صلح کا قیام اور اس خطے میں حالات کی بہتری کے لئے کوشش سے تعبیر کیا۔  

 

ٹیگس