عبداللھیان-بورل کے مابین گفتگو، ویانا مذاکرات اور یوکرین کے بحران پر تبادلہ خیال
ایران کے وزیر خارجہ نے جوزپ بورل کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو کو اہم اور مفید قرار دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جمعہ کے روز اپنی ٹوئیٹ میں جمعرات کے روز یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو کے بارے میں کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے ویانا مذاکرات میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت کے ساتھ ساتھ یوکرین کے بحران سمیت باہمی تشویش کے بعض بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اہم مسائل اور پابندیوں کے موثر خاتمے کو امریکہ کے ضرورت سے زیادہ مطالبے سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
امیرعبداللہیان نے ویانا مذاکرات میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کوآرڈینیٹر کی کوششوں اور پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی فریق حقیقت پسندی سے کام لیں تویہ کہا جا سکتا ہے کہ اچھے اور مضبوط معاہدے کے حصول کے قریب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے کچھ نئی درخواستوں کا کوئی منطقی جواز نہیں ہے اور وہ معاہدے پر جلد پہنچنے کے امریکہ کے موقف سے متصادم ہیں۔
انہوں نے یوکرین کے بحران کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر توجہ دیتے ہوئے اس بحران کی اصل وجوہات پر توجہ دی جانی چاہیے تاکہ دیرپا استحکام اور سلامتی قائم ہوسکے۔