Mar ۱۲, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے، بحران یوکرین سیاسی راستے سے حل ہونا چاہئے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے دنیا میں کسی بھی جگہہ جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبد اللھیان نے یوکرین کے بحران کے سیاسی راہ حل پر مبنی تہران کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا: ”اسلامی جمہوریہ ایران یوکرین، یمن، افغانستان یا کہیں اور جنگ کو کسی بھی بحران کا راہ حل نہیں سمجھتا۔“

ایرانی وزیر خارجہ نے پولینڈ کے اپنے ہم منصب زبیگنیو رائو سے جمعہ کو ٹیلیفونی گفتگو میں یہ بات کہی۔ انہوں نے پولینڈ کے وزیر خارجہ سے دو طرفہ روابط، خطے اور یوکرین سمیت بین الاقوامی حالات نیز ویانا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔

اسی طرح انہوں نے یوکرین جنگ کے پناہ گزینوں خاص طور پر ایرانی باشندوں کو یوکرین کے سرحدی راستے سے اپنے یہاں منتقل کرنے پر پولینڈ کے اقدام کو سراہا۔

حسین امیر عبداللھیان نے ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور ریڈ کراس کے مابین ہماہنگی سے ایک ہوائی جہاز سے انسانی امداد یوکرین کے بے گھر ہوئے افراد کی مدد کے لئے بھیجے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی راحت ٹیم ریڈ کریسنٹ کی ہماہنگی سے پولینڈ میں پناہ گزینوں کو ہر طرح کی انسانی امداد پہونچانے کے عمل میں تعاون کے لئے تیار ہے۔

پولینڈ کے وزیر خارجہ زبیگینو رائو نے یوکرین کے بے گھر ہونے والوں کو درکار غذا و دوا پہونچانے نیز عورتوں اور بچوں کو وہاں سے نکالنے کے لئے انسانی راہداری کو بنیادی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس سمیت کچھ بین الاقوامی تنظیمیں ایک انسانی راہداری قائم کرنے کی کوشش میں ہیں اور اس وقت پولینڈ یوکرین کے 15 لاکھ پناہ گزیںوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

 

ٹیگس