Mar ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • اربیل میں امریکی و اسرائیلی ٹھکانوں پر حملہ، سپاہ پاسداران نے کیا

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کر کے عراق کے شہر اربیل میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے اڈوں پر میزائل حملے کو ایک جوابی کارروائی قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر صیہونی ٹولے کو سخت خبردار کیا ہے۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونیوں کی حالیہ شیطنت اور شرپسندی کے جواب میں عراق کے شہر اربیل میں قائم موساد کے دو خفیہ اڈوں کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب، میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں اسرائیل کی ہر شرارت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اسلامی کی سلامتی اور تحفظ ایران کی مسلح افواج کی ریڈ لائن ہے اور کسی کو بھی جارحیت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے پہلے بھی اعلان کیا تھا اور اب پھر واضح کر رہے ہیں کہ ہر طرح کی شیطنت کا سخت اور منہ توڑ جواب دیں گے۔

دوسری جانب ایک عراقی ذریعے نے اربیل میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائل حملے میں ہلاک ہونے والے موساد کے نو افسران کے نام بھی جاری کردیئے ہیں۔ اس حملے کے بعد اربیل کے امریکی فوجی اڈے میں خطرے کے سائرن بجنے لگے، امریکی لڑاکا طیاروں نے فضا میں پروازیں بھریں اور شہر میں مسافر طیاروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل غاصب صیہونی حکومت نے شام کے دارالحکومت دمشق ‌کے ایک مضافاتی علاقے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں ایران کے دو فوجی مشیر شہید ہو گئے تھے۔ ایران نے صیہونی ٹولے کے اس اقدام کو دہشتگردی سے تعبیر کرتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اس شیطنت کا جواب ضرور دے گا۔

صیہونی حملے کے بعد اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر مجید تخت روانچی نے عالمی برادری سے صیہونی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے یہ واضح کر دیا تھا کہ ایران اپنی صلاحدید کے مطابق جوابی کارروائی کے لئے اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ٹیگس