Mar ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • مورا تہران کے دورے پر، ویانا مذاکرات کے حوالے سے ہوگی گفتگو

ایران کے خلاف عائد ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے مقصد سے ویانا میں جاری مذاکرات کے یورپی کوآرڈینیٹر اینریکے مورا آج تہران کا دورہ کر رہے ہیں۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق انریکے مورا نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر یہ لکھا ہے کہ آج ہفتے کے روز ہم علی باقری کنی سے ملاقات کے لئے تہران کا سفر کریں گے۔ علی باقری کنی ویانا میں ایران کے مذاکراتی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔

مورا نے مزید لکھا ہے کہ انکے دورۂ تہران کا مقصد ویانا مذاکرات کے حوالے سے باقیماندہ اختلافات کو دور کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان مذاکرات کو نتیجے تک پہنچانا ہوگا۔

گزشتہ ہفتے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنی ایک تقریر میں یہ کہا تھا کہ ہم نے چار موضوعات کو ویانا مذاکرات میں ایران کی ریڈ لائنز کے طور پر مد نظر رکھا ہے جن میں سے دو موضوعات تقریبا حل ہو چکے ہیں اور ان پر مفاہمت کے مرحلے تک آ گئے ہیں مگر دو ایسے موضوعات ہیں جو ابھی حل نہیں ہو پائے ہیں اور ان میں اقتصادی ضمانتوں کا موضوع بھی شامل ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا تھا کہ اگر امریکی فریق دو باقیماندہ موضوعات کے حل کے لئے اپنے سنجیدہ عزم و ارادے کا مظاہرہ کرے تو ہم پہلی فرصت میں معاہدے کے فریق ممالک کے وزرا کی موجودگی میں مذاکرات کو نتیجے تک پہنچانے کے لئے تیار ہیں۔

ٹیگس