Mar ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

چین میں افغانستان سے متعلق کانفرنس کے موقع پر ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے چین کے شہر تونشی میں افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے تیسرے اجلاس کے موقع پر ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ایرانی وزیرخارجہ نے دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان اور پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان بدھ کے روز چین کے شہر تونشی میں ہونے والی ملاقات میں اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی معاملات و مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں  ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات میں زیادہ سے زیادہ توسیع پر بھی تاکید کی۔

افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کا تیسرا اجلاس جمعرات کو مشرقی چین کے صوبے آن ہوئی کے شہر تونشی میں منعقد ہوگا جس میں، ایران، پاکستان، چین، ترکمنستان، ازبکستان، روس اور تاجکستان کے وزرائے خارجہ شرکت  کریں گے۔

افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے اجلاس کے ساتھ  ہی تونشی میں ایک سہ فریقی نشست بھی منعقد ہوگی جس میں کہا جارہا ہے کہ قطر اور انڈونیشیا کے وزراخارجہ کے علاوہ  طالبان کے  عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی شرکت کریں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان ، افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سےخطاب کرنے کے علاوہ اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سمیت بعض دوسرے ملکوں کے وزرائے خارجہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

قبل ازیں ایران کے وزیر خارجہ نے بدھ کے روز، چین کے شہر تونشی پہنچنے کے بعد اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایران اور چین افغانستان کے عوام کی آزادی و خودمختاری اور قومی اتحاد کی حمایت پر زور دیتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ افغانستان کو عالمی برادری کی زیادہ سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، ساتھ ہی انہوں کہا تھا کہ ایران اور چین ایک مستحکم، ترقی یافتہ اور ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون کرنےوالے افغانستان کے خواہاں ہیں۔

حسین امیرعبداللھیان منگل کی شب ایک اعلی سطحی سفارتی وفد کے ہمراہ  افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے تیسرے اجلاس میں شرکت کی غرض سے مشرقی چین کے شہر تونشی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

افغانستان کے امور میں ایران کے خصوصی نمائندے حسن کاظمی قمی، جنوبی ایشیا کے امور میں وزیر خارجہ کے معاون خصوصی سید رسول موسوی، مشرقی ایشیا اور بحرالکال کے امور میں وزیر خارجہ کے معاون خصوصی رضا زبیب، یوریشیا کے امور کے ڈائریکٹرجنرل علی رضا حقیقیان بھی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللھیان کے ساتھ چین جانے والے وفد میں شامل ہیں۔

 قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کا دوسرا اجلاس ستائیس اکتوبر دوہزار اکیس کو ایران کی میزبانی میں تہران میں منعقد ہوا تھا۔ جبکہ اس طرح کے پہلے ورچوئل اجلاس کی میزبانی، آٹھ ستمبر کو پاکستان نے اسلام آباد میں کی تھی۔

خطے اور دنیا کے ایک بااثر ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان سمیت تمام علاقائی بحرانوں کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جانے کا خواہاں رہا ہے۔

ٹیگس