تلاوت قرآن کریم ایک مقدس ہنر ہے، رہبرانقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے ماہ رمضان کو ماہ ضیافت الہی اور پروردگار عالم کی لامتناہی رحمتوں کا وسیع دسترخوان قراردیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے 'محفل انس با قرآن' کے نورانی پروگرام میں اپنے خطاب میں فرمایا کہ اسلام ایک ابدی دین ہے اس لئے قرآن کریم بھی ایک ابدی الہی کتاب ہے۔ آپ نے فرمایا کہ تلاوت قرآن مجید ایک مقدس ہنر ہے اور اس ہنر سے لوگوں کو دعا و نیایش اور ذکر خداوندی کی جانب دعوت دینے اور لوگوں کے ایمان میں اضافے کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اللہ کی مہمانی میں جانے اور اس کی دعوت پر لبیک کہنے کے لئے انسان کو پہلے سے پوری طرح سے آمادہ ہونا چاہئے اور ماہ مبارک رمضان کے یہ ایام پروردگارعالم سے قریب ہونے کا بہترین موقع ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے قران مجید کو پیغمبراسلام ص کا جاودانی معجزہ بتاتے ہوئے فرمایا کہ قرآن نے تمام ادوار میں انسان کی سبھی انفرادی، اجتماعی، معنوی اور حاکمیتی ضرورتوں کو پورا کیا ہے اورقرآن مجید وسیع تر پہلوؤں میں ہر طرح کے سوالوں کا جواب دیتا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے قرآن میں تدبر اور تعقل کو ضروری قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ قرآنی علوم کی برکتوں سے استفادے کے لئے دلوں کی پاکیزگی ضروری ہے اور جوانی کے عالم میں یہ مقصد آسانی کے ساتھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔