ایران فٹبال کے عالمی کپ میں قطر کے ساتھ تعاون کرے گا
ایران، فٹبال کے عالمی مقابلوں کے انعقاد میں قطر کی مدد کرے گا۔
ایران کے ٹرانسپورٹ اور ہاوسنگ کے وزیر رستم قاسمی نے جزیرہ کیش پہنچے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران، فٹبال کے عالمی مقابلوں کے انعقاد میں قطر کی مدد کرے گا۔ انکا کہنا تھا کہ قطر میں ہونے والا عالمی فٹبال کپ، ایک اہم اور موثر بین الاقوامی روداد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران عالمی کپ فٹبال کے انعقاد میں قطر کو رہائش اور فضائی و سمندری ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرے گا۔
رستم قاسمی نے کہا کہ اگرچہ عالمی کپ قطر کے حوالے سے سرگرمیوں کا مرکز جزیرہ کیش ہوگا لیکن ملک کے تمام ساحلی صوبے اور شہر، اس عالمی روداد میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ قطر کے وزیر ٹرانسپورٹ جاسم بن سیف السلیطی بھی ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے آج ، جزیرہ کیش پہنچ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کا جزیرہ کیش قطر سے صرف دوسو ستر کلومیٹر کےفاصلے پر واقعے ہے اور یہ راستہ ہوائی جہاز سے صرف چالیس منٹ میں طے کیا جاسکتا ہے۔ قطر کا فٹبال عالمی کپ دوہزار بائیس کے مقابلے، اکیس نومبر دوہزار بائیس سے شروع ہوں گے۔