Apr ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، اہم علاقائی مسائل پر ہوا تبادلۂ خیال

ایران کے دورے پر آئے ہوئے عراقی وزیر خارجہ نے بدھ کے روز اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔

 عراق کے وزیر خارجہ فؤاد حسین نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات اور گفتگو کی۔

فؤاد حسین نے تہران میں امیر عبداللہیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کی سلامتی خطے کی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے باہمی ملاقات میں دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے پر بات چیت کی۔ فؤاد حسین نے مزید کہا کہ مقامات مقدسہ کی زیارت کے موضوع پر بھی گفتگو ہوئی اور اس سلسلے میں مزید سہولیات فرام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان  نے بھی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے علاوہ گذشتہ معاہدوں پر فوری عمل درآمد کرنے پر بھی بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک آئندہ چند مہینوں کے دوران مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں ۔

وزیر خارجہ ایران نے کہا کہ عراق کے وزیر خارجہ کے ساتھ یمن اور افغانستان کے امور کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال ہوا، ہم افغانستان میں جامع حکومت کے قیام کے خواہاں ہیں جبکہ یمن میں پائیدار امن و صلح کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے غیر علاقائی طاقتوں کو خطے میں عدم استحکام کا باعث قرار دیا اور کہا کہ خطے کے اسلامی ممالک کو سامراجی طاقتوں کے ناپاک منصوبوں کی طرف سے ہوشیار رہنا چاہیے۔

واضح رہے کہ عراق کے اعلی قومی سلامتی کے مشیر "قاسم الاعراجی" اور عراقی وزارت داخلہ کی انٹیلی جنس سروس کے قائم مقام "احمد ابو رغیف"، اس دورے میں فؤاد حسین کی ہمراہی کر رہے ہیں۔

ٹیگس