دشمن خارجہ اور دفاعی پالیسیوں میں شگاف پیدا کرنے میں ناکام رہا، باقری کنی
اسلامی جمہوریہ ایران نے دفاعی اور خارجہ پالیسیوں میں اختلاف اور تفرقہ ڈالنے کی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
ایران کے نائـب وزیر خارجہ علی باقری کنی نے یوم مسلح افواج کی مناسبت سے ایرانی فوجی عہدیداروں اور فوجی کمانڈروں سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایران کی خارجہ اور دفاعی پالیسیاں ایک دوسرے کا سہارا اور ایک دوسرے کی تکمیل کا ذریعہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنی استقامت اور رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی کی بدولت دفاعی اور خارجہ پالیسیوں میں اختلاف اور تفرقہ ڈالنے کی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
علی باقری کنی نے کہا کہ مذاکرات پر مبنی ہمارا نظم و اصول امن واستحکام، استقامت، پائیداری اور ہمہ گیر ترقی، اغیار کی مداخلت کی مخالفت کے ساتھ علاقے میں مستحکم سیکورٹی کا قیام اور غاصبانہ قبضے نیز جنگ و جارحیت کی مخالفت پر مبنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے اگر کیل کانٹوں سے لیس کر کے خونخوار دہشت گردوں کو انسانیت کے مقابلے میں لا کھڑا کر دیا اور علاقے کی قوموں پر القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کو مسلط کر دیا تو استقامت کے عمل نے منطق کا ہتھیار استعمال کر کے انسانی تشخص کی راہ میں قدم آگے بڑھا کر قوموں کے تمدن کی تعمیر کر کے امن و سلامتی کے زیر سایہ ترقی و پیشرفت کے مقصد کے حصول کو عملی طور پر ثابت کر دیا۔
ایران کے نائـب وزیر خارجہ علی باقری کنی نے اسی طرح غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ علاقے کے بعض ملکوں کی جانب سے تعلقات کی برقراری کے نتائج پر سخت انتباہ بھی دیا۔