Apr ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • طالبان حکام اپنے فوجیوں کو سرحدی قوانین سے آگاہ کریں: ایران

ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ طالبان کو چاہئے کہ وہ ایران کے ساتھ ملنے والی ایران کی سرحدوں پر تعینات طالبان فوجیوں کو سرحدی قوانین و ضوابط سے باخبر کریں۔

ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں دوغارون سرحد پر پیدا ہونے والی حالیہ بدامنی کے بارے میں کہا ہے کہ طالبان یہ سمجھتے تھے کہ سرحدی علاقہ صرف افغانستان سے متعلق ہے جس کے بعد ایرانی سیکورٹی فورس نے طالبان فوجیوں کو خبردار کیا اور کابل میں طالبان حکام سے گفتگو ہوئی اور پھر طالبان نے سرحد سے اپنے فوجیوں کو واپس بلا لیا۔

ایران کے وزیر داخلہ نے سرحد پر ایران کی چوکسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فورس مکمل آمادہ تھی اور کسی کو بھی اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ غلط فہمی کی بنا پر ہی سہی، سرحدی علاقوں میں کوئی یکطرفہ اقدام کرے۔

دوغارون سرحد کو طالبان فوجیوں کے حالیہ غیر اصولی اقدام کی بنا پر بند کر دیا گیا تھا جسے پھر مذاکرات کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ ایران و افغانستان کی سرحد سے اٹھارہ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک صدی کے تاریخی ماضی کے ساتھ دوغارون کسٹم محکمہ بھی برآمدات و درآمدات، ٹرانزٹ اور مسافروں کی رفت و آمد کے امور کے لئے فعال ہے۔

ٹیگس