تہران میں سویڈن کے سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی
محکمہ خارجہ نے ایرانی شہری "حمید نوری" کی سویڈن کی حکومت کی طرف سے سیاسی نظر بندی جاری رکھنے اور اسٹاک ہوم میں حالیہ عدالتی سماعتوں میں سویڈش پراسیکیوٹر کی فرد جرم کا خلاصہ پڑھنے کے بعد، سویڈن کے سفیر کو طلب کیا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے امور مغربی یورپ نے تہران میں سویڈن کے سفیر "ماتیاس لنتر" کو طلب کیا اور انہیں ان بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے شدید احتجاج سے آگاہ کیا جو سویڈن کے پراسیکیوٹر نے اپنے تبصرے کے دوران ایران پر لگائے تھے۔
وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل نے حمید نوری کے خلاف مقدمہ چلانے اور ان کی گرفتاری کو مکمل طور پر غیر قانونی اور منافقین کے دہشت گرد گروہ کے جھوٹے اقدامات اور اکسانے کے زیر اثر قرار دیتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنی کا ماحول پیدا کرنے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے سویڈن کی عدالت میں سیاسی شو ڈاون کے خاتمے اوراس ملک میں قید ایرانی شہری حمید نوری کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
اس موقع پر سویڈن کے سفیر نے کہا کہ وہ اس معاملے کی رپورٹ اپنے ملک کی وزارت خارجہ کے حکام کو دیں گے۔