محنت کش طبقہ دشمن کے بالمقابل صف اول میں کھڑا ہے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے محنت کشوں کو پیداواری شعبے کا ستون قرار دیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے پیر کو ملک کے محنت کشوں سے ملاقات میں ان کی قدردانی کی اور انہیں پیداواری شعبے کا ستون کا قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے محنت کش دشمن کے مقابلے میں صف اول میں کھڑے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے محنت کشوں اور کام کے بارے میں اسلام کے نظریات کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ سرمایہ دارانہ نظام کے استحصالی نظریے اور بکھر جانے والے کمیونزم کی نعرے بازی کے برخلاف محنت کشوں کے بارے میں اسلام کا نظریہ قدرشناسی اور قدردانی پر استوار ہے اور اسی بنا پر پیغمبر اسلام (ص) مزدوروں اور محنت کشوں کے ہاتھ چومتے تھے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عسکری، اقتصادی اور سیاسی میدانوں میں محنت کشوں کے قومی اور درخشاں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ فوجی میدان میں محنت کشوں کے پیشقدم ہونے کی واضح مثال مقدس دفاع کے دوران ان کی طرف سے چودہ ہزار شہیدوں کا نذرانہ ہے اور اگر دوبارہ فوجی مسئلہ درپیش ہوا تو ایک بار پھر یقینا محنت کش طبقہ صف اول میں ہوگا۔
آپ نے فرمایا کہ انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی سامراج کی ایک اصلی پالیسی ملکی پیداوار کو ختم کرنا تھا جو حالیہ برسوں میں پابندیاں بڑھنے کے بعد پوری طرح عیاں ہو چکی ہے لیکن محنت کشوں نے استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انکی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا اور اس میدان میں پیداواری شعبے کا اصلی ستون ثابت ہوئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے محنت کشوں کی تحریکوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے جو ابتدائے انقلاب کے دور میں بھی موجود تھی کہا کہ ان تحریکوں کا مقصد محنت کش معاشرے کو عوامی احتجاج کی علامت میں تبدیل کرنا تھا لیکن محنت کشوں نے سیاسی میدان میں بھی اکسانے اور ورغلانے والوں کی ناک رگڑ دی اور ہمیشہ نظام اور انقلاب کے ساتھ کھڑے رہے۔