ایران اور جنوبی افریقہ تعلقات کے ہمہ جہتی فروغ کے لئے پرعزم
ایران جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات میں کسی قسم کی محدودیت کا قائل نہیں اور بالخصوص موجودہ حکومت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے درپے ہے، یہ بات ایران کے وزیر خارجہ نے جنوبی افریقہ کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہی۔
ارنا نیوز کے مطابق ایران و جنوبی افریقہ کی سیاستی مشاورتی کمیٹی کے دسویں اجلاس میں شرکت کے لئے جنوبی افریقہ کی نائب وزیر خارجہ ماشگو دلامینی تہران کے دورے پر ہیں جنہوں نے اتوار کی شام وزیر خارجہ ایران حسین امیر عبد اللہیان سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس ملاقات میں امیرعبداللہیان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے سلسلے میں تہران میں خاص توجہ اور دلچسپی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بہت اچھی گنجائشوں کے حامل ہیں اور اسی تناظر میں رواں سال دونوں ممالک کے مشترکہ کمیشن کا جو اجلاس پریٹوریا میں ہونے جا رہا ہے وہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر خارجہ ایران نے مغربی ایشیا بالخصوص فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کے سلسلے میں جنوبی افریقا کی پالیسی کی قدردانی کی۔
اس ملاقات میں جنوبی افریقہ کی نائب وزیر خارجہ ماشکو دلامینی نے بھی امیر عبد اللہیان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی سیاسی و مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوگی اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات کے ہر ممکن فروغ کے لئے ایک روڈ میپ تیار کر لیا جائے گا۔