May ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۰:۰۲ Asia/Tehran
  • ایران اور عمان کے درمیان تعاون کے بارہ مفاہمتی نوٹس پر دستخط

ایران اور عمان نے سیاسی و اقتصادی سمیت مختلف شعبوں میں بارہ مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔

ایران اور عمان نے سیاسی، سفارتی، اقتصادی، سیاحتی،  نقل و حمل، سائنس، ماحولیات اور کھیل کود کے شعبوں میں دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔ تعاون کی ان دستاویزات پر دستخط صدر ایران کے دورۂ عمان میں ایران کے وزرائے خارجہ، صنعت و معدنیات و تجارت، تیل، شہری ترقی اور اسی طرح تجارتی توسیع کی تنظیم کے سربراہ نے اپنے عمانی ہم منصبوں کے ساتھ کئے۔

دونوں سربراہوں کی ملاقات و گفتگو کے بعد ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے بھی دونوں ملکوں کی دلچسپی کے مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ فریقین نے اہم علائی و بین الاقوامی مسائل پر بھی گفتگو کی۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی، سلطان عمان کی دعوت پر ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ آج مسقط پہنچے جہاں اس ملک کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے باضابطہ طور پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ استقبالیہ تقریب کے بعد پہلے دونوں ملکوں کے اعلی سطحی وفود کے درمیان مذاکرات شروع ہوئے جس کے بعد دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان ملاقات و گفتگو ہوئی۔

اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین سیاسی و اقتصادی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران اور عمان کے تعلقات گذشتہ چند عشروں کے دوران خلیج فارس میں پیدا ہونے والی کشیدگیوں اور ایرانوفوبیا کے ذریعے اختلاف پیدا کرنے کی امریکی کوششوں کے باوجود ہمیشہ ایک دوسرے کے احترام پر مبنی رہے ہیں۔

ٹیگس