عمان کے بادشاہ آج تہران کے دورے پر
عمان کے بادشاہ آج صدر ایران کی باضابطہ دعوت پر ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی دعوت پر عمان کے بادشاہ ہیثم بن طارق آل سعید آج تہران پہنچ رہے ہیں جہاں ایرانی صدر تہران کے سعدآباد محل میں باضابطہ طور ان کا استقبال کریں گے۔
اس استقبالیہ تقریب کے بعد دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود ایک دوسرے سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ عمان کے کچھ وزراء اور سینیئر حکام بھی اس دو روزہ دورے کے دوران اپنے بادشاہ کی ہمراہی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سلطان ہیثم بن طارق کا مسند سلطنت پر بیٹھنے کے بعد یہ پہلا دورۂ ایران ہے جبکہ گزشتہ برس انکی دعوت پر صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے عمان کا دورہ کیا تھا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے شعبۂ خلیج فارس امور کے ڈائریکٹر جنرل علی رضا عنایتی کے مطابق عمان کے بادشاہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کے علاوہ ایران حکومت کی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی ترجیحی پالیسی کے تناظر میں انجام پا رہا ہے جس کے دوران مختلف شعبوں میں کچھ نئے اور اہم معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔