Jun ۲۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • علاقائی ممالک ہی علاقے کا مستقبل طے کرنے کا حق رکھتے ہیں: ایران و عمان

ایران کے وزیر خارجہ نے عمان کے وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں علاقائی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مستقبل کیلئے خود علاقائی ممالک کو ہی فیصلہ کرنا چاہئیے۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البو سعیدی کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں تہران اور مسقط کے روابط کے فروغ اور ایران کے صدر کے دورۂ عمان کے موقع پر ہونے والوں سمجھوتوں پر عمل در آمد کرنے پر زور دیا۔

 ایران کے وزیر خارجہ نے علاقے کی صورتحال میں عمان کے کردار کو اہم اور علاقے میں امن و امان کی برقراری نیز یمن کے حوالے سے مسقط کی کوششوں کو سراہا۔

عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البو سعیدی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے کے ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ کے حوالے سے ایران کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمان ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ عمان کے موقع پر ہوئے سمجھوتوں پر عمل در آمد کرنے میں سنجیدہ ہے۔

امیر عبداللہیان اور البو سعیدی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے خلاف یکطرفہ، غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کے ازالے کا بھی جائزہ لیا۔

خیال رہے کہ ایران اور عمان کے وزیر خارجہ نے گزشتہ ماہ بھی باہمی، علاقائی اور عالمی مسائل پر ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

ٹیگس