بہت سے مسائل میں ایران و عمان کے موقف میں یکسوئی پائی جاتی ہے: صدر ایران
ایران و عمان کے مابین بہت سے مسائل میں ایران اور عمان کے موقف میں یکسوئی و یکجہتی پائی جاتی ہے اور دونوں کے نیک تعلقات علاقائی تعاون میں معین و مددگار ثابت ہوں گے، یہ بات صدرِ ایران رئیسی نے عمان سے واپس تہران لوٹنے کے بعد کہی۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی جو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اتوار کے روز عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید کی دعوت پر مسقط پہنچے تھے، اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد گزشتہ شب واپس تہران لوٹ آئے۔
سلطان عمان، عمان کے نائب وزیر اعظم، اقتصادی شعبے میں سرگرم تاجروں اور عمان میں مقیم ایرانی شہریوں سے ملاقات سید ابراہیم رئیسی کے پروگراموں میں شامل تھا۔اس سفر کے دوران ایران اور عمان نے سیاسی، سفارتی، اقتصادی، سیاحتی، نقل و حمل، سائنس، ماحولیات اور کھیل کود کے شعبوں میں بارہ دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔
صدر ایران نے عمان سے لوٹنے کے بعد مہرآباد ایئرپورٹ پر نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ عمان کے اعلیٰ عہدےداروں سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ تہران و مسقط کے مابین بین الاقوامی معاملات میں تعاون ایک لازمی امر ہے اور بہت سے مسائل میں دونوں ممالک کے موقف میں یکسوئی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور عمان کی تاجر برادری دونوں ممالک کے مابین پائی جانے والی گنجائشوں سے اچھی طرح واقف نہیں ہے جس کے لئے تہران و مسقط کا ایک مشترکہ دفتر قائم کرنے کی ضرورت ہے اور یہ جلد از جلد قائم کر دیا جائے گا۔