May ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
  • گرد غبار کے موضوع پر وزیر خارجہ ایران کی علاقائی وزرائے خارجہ سے گفتگو

ایران کے وزیر خارجہ نے گرد و غبار کے بحران کے سلسلے میں عراق، شام اور کویت کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ ایران حسین امیرعبداللہیان نے مذکورہ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گرد و غبار کا بحران فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا ضروری ہے کیوں مختلف ممالک سے اٹھنے والی گرد و غبار نے عوام کی زندگی کے لئے بڑے خطرات پیدا کر دئے ہیں۔

گفتگو میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ادارۂ ماحولیات، وزارت خارجہ اور دیگر مربوطہ اداروں کی شمولیت کے ساتھ ماہرین کی ایک ٹیم تیار ہوگی اور اُسے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے شام و عراق روانہ کیا جائے گا جس کے بعد گرد و غبار کی آفت کو لگام دینے کے لئے ممالک کے آپسی صلاح مشورے سے فوری طور پر موثر اقدامات کئے جائیں گے۔

ساتھ ہی اس گفتگو میں یہ بھی طے ہوا کہ عراق کے وزیر خارجہ گرد و غبار کے سلسلے میں اپنے سعودی ہم منصب سے بھی گفتگو کریں گے تاکہ وہ بھی اس بحران کے حل میں اپنے حصے کا کردار ادا کر سکیں۔ گرد و غبار کی آفت سے مقابلے کے لئے عراق و شام کے علاوہ سعودی عرب کا تعاون بھی درکار ہے۔

گرد و غبار کے بحران کے حل کے مقصد سے علاقائی ممالک کے ماہرین کا مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی شام، عراق اور کویت کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں اتفاق ہوا۔

کویت کے وزیر خارجہ نے بھی اس سلسلے میں اپنے ملک کے تعاون کا اطمینان دلایا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ایران، عراق اور بعض دیگر علاقائی خطے خطرناک حد تک گرد و غبار کی آلودگی کا شکار ہیں جس کے باعث عوام کے معمولات زندگی خاصے متاثر ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس