امریکہ میں مِلک پاؤڈر کا بحران جاری، دیگر ممالک سے درآمد کرنے پر مجبور
طبی اور حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی نہ کرنے کی بنا پر امریکہ میں سوکھا دودھ تیار کرنے والی چار کمپنیوں میں سے ایک کمپنی بند کئے جانے کی بنا پر اس ملک میں پوڈر دودھ کا بحران بدستور جاری ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں دودھ پاؤڈر تیار کرنے والی چار کمپنیاں خاص طور سے سرگرم ہیں جن میں ایبوٹ ڈرائی ملک کمپنی کا دودھ استعمال کرنے کے نتیجے میں چار بچے بیمار اور ان میں دو کی موت ہو جانے کے بعد اس کمپنی پر پابندی لگا دی گئی جبکہ اس کمپنی کا کہنا ہے کہ ان بچوں کی اموات کی وجہ اس کے تیار کردہ دودھ کا استعمال نہیں ہے۔
امریکہ میں ڈرائی ملک کی قلت اس ملک کی حکومت کے لئے ایک اور مشکل ساز بحران میں تبدیل ہو گئی ہے۔ امریکہ میں خشک دودھ کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بائیڈن انتظامیہ کی تمام تر کوششوں کے باوجود خبری ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی طیاروں سے ڈرائی ملک کی پہلی کھیپ جرمنی سے امریکہ پہنچی ہے جسے بائیڈن انتظامیہ نے ڈرائی ملک آپریشن کا نام دیا ہے۔
امریکہ میں پائے جانے والے معاشی مسائل خاص طور سے ڈرائی ملک کی قلت کا بحران پیدا ہونے کے باوجود یوکرین کے لئے بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے بے تحاشا مدد و حمایت واشنگٹن میں ایک گرما گرم موضوع میں تبدیل ہو گئی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان نے حال ہی میں یوکرین کی مدد و حمایت کے طور پر تقریبا چالیس ارب ڈالر کے پیکج کی منظوری دی ہے جسے پھر منظوری کے لئے امریکی سینیٹ میں بھیج دیا گیا جہاں سے منظوری ملنے کے بعد ایک قانون کی شکل میں اسے وائٹ ہاؤس بھیجا جائے گا تاکہ امریکی صدر اس پر دستخط کر سکیں۔
امریکی ریپبلیکن سینیٹر رینڈ پال نے یوکرین کے لئے امریکی مدد پر تنقید کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یہ اقدام امریکہ کی قومی سلامتی کے لئے خطرناک ہے جبکہ یہ ٹیکس دہندگان کے منھ پر ایک طمانچہ بھی ہے جنہیں ایسے ہی پٹرول، غذائی اشیا اور ڈرائی ملک کی خریداری میں کافی مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔
اب اگر آئندہ ہفتے یوکرین کے لئے چالیس ارب ڈالر کی مدد کی امریکی سینیٹ سے منظوری مل جاتی ہے تو امریکہ کی طرف سے یوکرین کی ہونے والی مدد کی مقدار ساٹھ ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔