May ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۲:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران کی ڈرون پاور دن بہ دن  بڑھ رہی ہے، خودکفیل ہیں، کسی پر منحصر نہیں: آرمی کمانڈر

ایران کی فوج کے کمانڈر  نے کہا کہ ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم اپنی مضبوط اور بہادر قوم کا اچھی طرح دفاع کر سکتے ہیں۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے 313 اسٹریٹجک UAV بیس کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی  ڈرون کی طاقت دن بہ دن  بڑھ رہی ہے اور یہ سلسلہ رکنے والا نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ ہم کسی پر منحصر نہیں ہیں اور ہم ملک کے دفاع اور اپنے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے سب کچھ خود فراہم کرتے ہیں اور ہم کسی قیمت پر ڈرون پاور سمیت اپنی جنگی و دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا سلسلہ نہیں روکیں گے۔

جنرل موسوی نے بتایا کہ یہ تمام سہولیات ایرانی قائد انقلاب کی طرف سے کئے گئے اقدامات، انکی ہدایات اور ساتھ ہی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی پالیسیوں کے مطابق فراہم کی گئی ہیں تاکہ ہم ممکنہ دھمکیوں کے سامنے اپنی حدود کی حفاظت اور ملک کی سیکورٹی کو برقرار کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم اپنی مضبوط اور بہادر قوم کا اچھی طرح دفاع کر سکتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس ذمہ داری کو نبھانے میں اچھی طرح سے کامیاب ہوجائیں گے۔

اس سے قبل ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ہفتہ کے روز 313 اسٹریٹجک UAV بیس کے دورے کے موقع پر فوجی کمانڈروں اور کارکنوں کے ساتھ ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے جدید جنگ میں ڈرون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ہم نئے طریقوں اور آلات کا استعمال کرتے ہوئے مستقبل کی ممکنہ جنگ کی ضرورت کے واضح ادراک کے ساتھ آج اور مستقبل کے بدلتے ہوئے حالات میں داخل ہوئے ہیں اور خوش قسمتی سے ہم نے فوج میں یہ صلاحیت دیکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ برسوں میں قفقاز، یوکرین اور دیگر جگہوں پر اور اس سے پہلے شام و عراق میں دہشت گردوں کے خلاف لڑائی اور پچھلی دہائی میں دیگر لڑائیوں میں جو کچھ دیکھا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرون پاور اور ٹیکنالوجی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

جنرل باقری نے اس بات پر زور دیا کہ ہم خطرے کو کبھی کم نہیں سمجھتے، ہم کبھی یہ نہیں سمجھتے کہ دشمن سو رہا ہے، ہماری آنکھیں کھلی ہوئی ہیں اور ہم مسلسل چوکس ہیں۔

ٹیگس