May ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  •  ایران و پاکستان کے درمیان تجارت کو مضبوط بنانے پرزور

ایران پاکستان سرحدی تجارت کی مشترکہ کمیٹی کے نویں اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سیستان و بلوچستان کے ادارہ صنعت و تجارت کے سربراہ ایرج حسن پور نے ایران و پاکستان تجارتی کمیٹی کے نویں اجلاس میں کہا کہ تجارتی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنا اور پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لئے حالات فراہم کرنا وہ پروگرام ہے جس پرایران اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کے لئے عمل پیرا ہے۔

حسن پور نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ ثقافتی ، دینی اور اقتصادی تعلقات ہیں اور یہ روز بروز فروغ پا رہے ہیں کہا کہ دونوں ممالک اپنی ضرورت کا بڑا حصہ باہمی تعاون و تجربے سے پورا کر سکتے ہیں۔

ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ادارہ صنعت و تجارت کے سربراہ نے مزید کہا کہ سیکورٹی ، سماجی اور ثقافتی ترقی سمیت علاقے کی پیشرفت کے لئے سرحدی منڈیوں کی توسیع اہمیت کی حامل ہے اور اس سے عوام کی معیشت اور آمدنی کو غیرمعمولی طور پر بڑھایا جا سکتا ہے۔

حسن پور نے کہا کہ مشرق مغرب کوریڈور کے راستے میں واقع ہونے کی بنا پر سیستان و بلوچستان ریلوے لائن کی توسیع بھی خاص اہمیت کی حامل ہے اور اسٹریٹیجک ریلوے کوریڈور میں اس صوبے کی پوزیشن وہ خصوصیت ہے جو پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون کی زمین ہموار کرسکتی ہے ۔ اس اجلاس میں پاکستان وفد کے سربراہ اور کوئٹہ گوادرکسٹم کے سابق سربراہ محمد صدیق نے کہا کہ ایران و پاکستان کے درمیان تعلقات اس علاقے کے عوام کے روزمرہ معاشی مسائل و مشکلات حل کرسکتے ہیں۔

ٹیگس