شان رسالت میں گستاخی کا معاملہ، ایران کی وزارت خارجہ میں ہندوستانی سفیر کی طلبی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے تہران میں ہندوستانی سفیر کو طلب کر کے اس ملک میں حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما کی جانب سے ایک ٹیلی ویژن پروگرام کے دوران پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان میں گستاخی پر سخت احتجاج کیا۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے جنوبی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی نے اتوار کے روز تہران میں ہندوستانی سفیر کو طلب کیا اور انہیں پیغمبر اسلام (ص) کی توہین کے خلاف ایرانی حکومت اور عوام کے احتجاج سے آگاہ کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے جنوبی ایشیاء کے ڈائریکٹر نے ہندوستانی سفیر پر واضح کیا کہ ایران پیغمبر اسلام (ص) اور اسلامی مقدسات کی توہین کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گا۔
ہندوستانی سفیر نے پیغمبر اسلام (ص) کی توہین پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہنٹوستان کی حکومت کا موقف نہیں ہے اور ہندوستان کی حکومت مذاہب کا بڑا احترام کرتی ہے، اور یہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین کرنے والا کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھتا بلکہ صرف جماعتی عہدہ رکھتا اور اسے اس عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی ترجمان نپور شرما اور نوین کمار جندل کی جانب سے پیغمبر اسلام (ص) کی شان میں گستاخی کی گئی تھی جس پر بی جے پی نے قومی و عالمی سطح پر پڑنے والے دباؤ کے بعد دونوں کو عہدے سے برطرف کرکے پارٹی میں انکی رکنیت معطل کردی ہے۔