وینیز ویلا کے صدر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے
وینیز ویلا کے صدرنکولس مادورو ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے۔
سحر نیوز/ایران: صدر نکولس مادورو کا دورہ ایران صدر سید ابراہیم رئیسی کی دعوت پر انجام پا رہا ہے۔ سینیئر ایرانی وزرا نے ایئر پورٹ پر وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا خیرمقدم کیا۔
ایران اور وینیزویلا کے درمیان تعلقات کی تاریخ سو سال پرانی ہے۔ تاہم سن ساٹھ کے عشرے میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ آیا۔ وینیزویلا عالمی بالخصوص امریکی سامراج کے سخت مخالف ملک کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور یہ انیس سو اناسی میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد، ایران کی نئی حکومت کو سب سے پہلے تسلیم کرنے والے ملکوں میں شامل ہے۔
اس وقت دونوں ممالک کو امریکی پابندیوں کا سامنا ہے۔ دنیا میں کثیر الفریقی تعاون کے فروغ، امریکی بالادستی کے خلاف جدوجہد، ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے حق اور فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی جیسے معاملات پر ایران اور وینیزویلا کے نظریات میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
وینزویلا کے صدر اپنے ایرانی ہم منصب سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کریں گے، اسکے علاوہ قائد انقلاب اسلامی سے بھی انکی ملاقات متوقع ہے۔