ایران وینیز ویلا تعلقات اسٹریٹیجک ہیں: صدر اپراہیم رئیسی
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے ایران اور وینیزویلا کو تسلط پسند طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے ممالک قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ایران: وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ تہران میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ دنیا کے آزاد اور خود مختار ملکوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی طرح وینیزویلا بھی دشمن کی پابندیوں اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے اور اس کی استقامت بے مثال ہے۔
صدر ایران نے تہران اور کاراکاس کے تعلقات کو اسٹریٹیجک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کا سلسلہ جاری رہے گا اور تعاون کا بیس سالہ معاہدہ ہمارے عزم کی نشانی ہے۔
واضح رہے کہ صدر نکولس مادورو کے دورہ تہران کے موقع پر ایران اور وینیزویلا نے جامع تعاون کے بیس سالہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک سیاسی، اقتصادی، ثقافتی، سیاحتی شعبوں کے علاوہ تیل اور پیٹروکیمکل کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
اس سے قبل صدر سید ابراہیم رئیسی نے سعدآباد کمپلکس پہنچنے پر وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کے ہمراہ وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔