ایران کے شہر اراک میں گل و گیاہ اور جڑی بوٹیوں کی نمائش.ویڈیو
ایران کے شہر اراک میں پھول پودوں اور باغبانی کے مختلف وسائل نیز جڑی بوٹیوں کی نویں بین الاقوامی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انیس جون سے چوبیس جون مجموعی طور پر چھے روز تک جاری رہنے والی اس نمائش میں خاص طور سے ایران کے پھول پودوں کے معروف شہر محلات کے پھول اور پودوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ جڑی بوٹیاں پیدا کرنے والے کاشتکاروں نے بھی اس نمائش میں حصہ لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نمائش کا سیاحوں اور نمائش دیکھنے والوں نے خوب استقبال بھی کیا ہے۔
اس نمائش کے اہتمام کا مقصد جدید ترین گل و گیاہ اور جڑی بوٹیوں کی پیداوار سے متعلق لوگوں کو آگاہ کرنا اور اس سلسلے میں تجارت کے مواقع کی طرف انکی توجہ مبذول کرانا ہے۔
اراک کی اس نمائش کے انتظامی امور کے ڈائریکٹر حامد خورشیدی نے ایران پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے صوبے مرکزی میں لگاتار دوسری بار اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں پانچ ہزار سے زائد قسم کے پھول پودے، گل و گیاہ اور جڑی بوٹیاں پیش گی کئی ہیں۔
گل و گیاہ اور جڑی بوٹیوں کے ایک کاشتکار نے ایران پریس کو بتایا کہ ایران کا شہر محلات مختلف قسم کے نایاب پھول اور جڑی بوٹیاں پیدا کرنے کے حوالے سے خاص شہرت کا حامل ہے جہاں کی پیداواری مصنوعات مختلف ملکوں کو برآمد کی جاتی ہیں۔