مشکل کی اس گھڑی میں ہم افغان عوام کے ساتھ ہیں: ایران +ویڈیو
ایران کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے حالیہ زلزلے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت پیش کرتے ہوئے افغان عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ایک برادر اور ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے مشکل کی اس گھڑی میں ہم افغانستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کر کے لواحقین اور پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ زلزلے سے متاثرین کیلئے ایران کی فوری امداد جلد ہی افغانستان روانہ کر دی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز پکتیا اور خوست کے صوبوں میں شدید زلزلہ آیا۔ زلزلے کی شدت 6.1 تھی اور زیر زمین اس کی گہرائی 51 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبے خوست سے 44 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 1500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان میڈیا پر چلے والی تصاویر میں گھروں کو ملبے کا ڈھیر اور لاشوں کو کمبل میں لپٹے زمین پر رکھا دیکھا جا سکتا ہے۔
افغانستان میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران آنے والا یہ سب سے خطرناک زلزلہ ہے۔