Jun ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
  • ترکی سے توقع ہے کہ وہ صیہونیوں کے تفرقہ انگیز دعووں پر خاموش نہ رہے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے توقع ظاہر کی ہے کہ ترکی، صیہونیوں کے تفرقہ ڈالنے والے دعوے کے مقابلے میں خاموش نہیں بیٹھےگا۔ صیہونی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران، ترکی میں اسرائیل کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ کی ترکی کے وزیرخارجہ  مولود چاووش اوغلو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں جو انقرہ میں انجام پائی صیہونی حکومت کے وزیرخارجہ کے بے بنیاد دعوؤں اور الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا اور اسے دو مسلمان ملکوں کے تعلقات کو خراب کرنے کے لئے پہلے سے تیار شدہ سیناریو اور منصوبے سے تعبیر کیا ۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا یہ بیان بچوں کی قاتل حکومت کے دہشتگردانہ اقدامات اور فلسطینی کاز سے علاقے اور ترک رائے عامہ کی توجہ ہٹانے اور اسے گمراہ کرنے کے لئے تل ابیب کی چالوں اور عیاریوں کا ہی ایک حصہ ہے۔ 
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ تقریبا ایک ہفتے پہلے سے صیہونی حکومت کے وزیرخارجہ کے تفرقہ ڈالنے والے سیناریو کے لئے ماحول تیار کرنے کی غرض سے غلط اور بے بنیاد اطلاعات کو استعمال کرتے ہوئےذرائع ابلاغ کے ذریعے تشہیراتی مہم شروع کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
ترجمان وزارت خارجہ خطیب زادہ نے کہا کہ ہمارا پڑوسی ملک ترکی بخوبی جانتا ہے کہ جھوٹے اور دہشتگرد صیہونی حکومت کے نمائندے کے دعوے کس قدر بےبنیاد ہیں اور توقع ہے کہ وہ اس طرح کے تفرقہ ڈالنے والے دعوؤں کے مقابلے میں خاموش نہیں بیٹھےگا اور اس حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کس حدتک ناقابل اعتماد ہے ۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے صیہونی حکومت کے تخریبی اقدامات اور ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں کا عام شہریوں اور دوسرے ملکوں کی سیکورٹی کے لئے کوئی خطرہ بنے بغیر ہمیشہ پوری طاقت سے بھرپور جواب دیا ہے، واضح لفظوں میں کہا کہ اس دہشتگرد حکومت کی جانب سے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کے ڈرامے پرکوئی بھی  یقین نہیں کرے گا اور اگر بظاہرکوئی فریق عارضی مصلحت کی بنیاد پر اس پر یقین بھی کرلے گا تو بھی وہ درحقیقت یہ جانتا ہوگا کہ اسے کس خطرناک حکومت کا سامنا ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیرخارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ایک بار پھر اپنا یہ دعوی دہرایا ہے کہ تہران ترکی کے اندر اسرائیل کے مفادات کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہا ہے ۔ 

ٹیگس