Jun ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • افغان عوام کے نام صدر ایران کا تعزیتی پیغام

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نےافغانستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کے عوام کو تعزیت پیش کی ۔ انہوں نے ایران کی انجمن ہلال احمر کو حکم دیا ہے کہ وہ پوری گنجائش کے ساتھ افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نےافغانستان میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراس ملک کے عوام کے نام اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ایران کی انجمن ہلال احمر کو حکم دے کیا گیا ہے کہ وہ زلزلے سے متاثر ہونے والے افغان شہریوں کی بھرپور طریقے سے مدد کریں۔
سید ابراہیم رئیسی کے تعزیتی پیغام میں افغان عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران کی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں اور پڑوسی کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا چاہتے ہیں۔ 
صدرمملکت نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ مشرقی افغانستان میں زلزلے کے نتیجے میں افغانستان کے مسلم بھائیوں ، ہم زبانوں اور مخلص پڑوسیوں کے جانی نقصان کی خبر سن کر ہمیں دلی صدمہ پہنچا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس غم انگیز واقعے پر میں ایک ایک افغان شہری کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں اور مرنے والوں کے لیے رحمت الہی اور مغفرت کا طالب ہوں ۔ 
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ مجھے انتہائی افسوس ہے کہ برسوں کے امریکی قبضے کی وجہ سے افغانستان کا شہری اور دیہی ڈھانچہ ترقی نہیں کرپایاجس کی وجہ سے زلزلہ سے متاثرین اور زخمیوں کی امداد میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایران کی انجمن ہلال احمر کو مشن سونپ دیا ہے کہ وہ اپنی پوری توانائی کے ساتھ زلزلے سے متاثرہ پیارے افغان بھائیوں کی مدد کریں ۔ 
سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایران کے دیگر ادارے بھی پڑوسی ملک افغانستان کے عوام کی مدد کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ایران کے عوام اور حکومت آپ کے ساتھ ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہمسائیگی کا حق ادا کریں گے۔
اس سے پہلے صدرمملکت نے شمال مشرقی ایران کے صوبے خراسان شمالی کے دورے کے موقع پر ایک اجلاس سے خطاب میں افغانستان کے زلزلہ سے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی عہدیداروں کو حکم دیا تھا کہ وہ فوری طور پر افغانستان کے مظلوم اور غمزدہ خاندانوں کو امداد پہنچانے کی تیاری کریں۔
صدر کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران انسان دوستانہ امداد کی فراہمی میں پیش پیش رہا ہے۔ انہوں نے افغانستان کی سرحد سے ملنے والے ایرانی صوبوں، سیستان و بلوچستان اور خراسان جنوبی کے حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ زلزلہ  سےمتاثرین کی ا مداد کے لئے فوری اقدامات انجام دیں۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ افغانستان کے مظلوم عوام کو امداد فراہم کرنا ہماری انسانی ذمہ داری ہے ، کیونکہ یہ قوم ایک عرصے تک امریکہ اور نیٹو کے ظلم کا شکار رہی ہے اور ان دنوں بعض دہشت گرد گروہ افغانستان کے عوام کی جان کے درپے ہیں اور ان کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ افغانستان میں بدھ کو آنے والے تباہ کن زلزلے سے تین ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

ٹیگس