Jul ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف قرارداد پیش کرنا سمجھوتے کی روح کے منافی تھا : صدر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مذاکرات کے دوران بورڈ آف گورنرس میں ایران کے خلاف قرارداد پیش کرنے کے امریکہ اور تین یورپی ممالک کے اقدام کو غیرذمہ دارانہ اور سمجھوتے و مذاکرات کی روح کے منافی قرار دیا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پیر کو تہران میں سوئیزرلینڈ کی سفیر نادین اولیویری لوزانو سے ملاقات میں مذاکرات کے دوران بورڈ آف گورنرس میں ایران کے خلاف قرارداد پاس کرنے کی امریکہ اور تین یورپی ممالک کی تجویز کو ایک غیرذمہ دارانہ اقدام اورمذاکرات و سمجھوتے کی روح کے منافی نیزان کے دوہرے رویے کا غماز قرار دیا ۔

صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک ایران کے سلسلے میں اندازے کی غلطی کا شکار ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آپ اپنی حکومت اوردیگرممالک تک ایران کے حقائق منتقل کریں گی تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ ایران ، دشمنیوں کے باوجود اپنی پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کی تسلط پسندانہ پالیسیوں کا اثر الٹا نکلتا ہے ۔ 
  صدر ابراہیم رئیسی نے ایران اور سوئٹزرلینڈ کےسوسال سے زیادہ قدیمی تعلقات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ایران ، سوئٹزرلینڈ سمیت تمام ممالک کے ساتھ سیاسی ، اقتصادی اور تجاری تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
اس ملاقات میں سوئٹزرلینڈ کی نئی سفیر نادین اولیویری لوزانو نے کہا کہ ایران اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کو سو سال سے زیادہ ہوچکے ہیں اور اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان ہمیشہ مثبت و تعمیری تعاون رہا ہے ۔ 
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے آج لیتھوانیا کے  بھی سفیر کے اسناد تقرری وصول کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور لیتھوانیہ کے درمیان مختلف میدانوں میں تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی اقتصادی و تجارتی تعاون کی کافی گنجائش موجود ہے۔ 

ٹیگس