Jul ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ایران کے دارالحکومت تہران سمیت ملک بھر میں نماز عید الضحی کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے لاکھوں مومنین نے آج نماز عید الاضحی کے روح پرور اجتماعات میں عالم اسلام اور مسلمانوں خاص طور سے  قبلہ اول کی آزادی کیلئے دعائیں کیں ۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس کے علاوہ فلسطین و یمن کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری عالمی سامراج کے فتنہ و فساد سے مقابلے کے لئے جہاں فرزندان اسلام نے اپنے عزم کا اعادہ کیا وہیں انکے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی۔

دارالحکومت تہران میں  نماز عید الاضحیٰ کا روح پرور اجتماع  امام خمینی عیدگاہ میں منعقد ہوا جس میں دسیوں ہزار افراد نے شرکت کی۔ نماز عید حجت الاسلام والمسلمین حاج علی اکبری کی قیادت میں ادا کی گئی جس میں صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی عہدے دار بھی شریک تھے۔

نماز عید الاضحی کے بعد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کرنے کا سلسلہ  شروع ہو گیا، شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کر رہے ہیں، قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔

ٹیگس