Jul ۱۲, ۲۰۲۲ ۲۰:۳۶ Asia/Tehran
  • ماحولیات کا تحفظ ناگزیر ہے: صدر ایران

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے معمول کی سیاسی اور سفارتی بندشوں سے ہٹ کر علاقائی ماحولیات کے تحفظ کو ضروری قرار دیا ہے۔

تہران میں مغربی ایشیائی ممالک کے وزرائے تحفظ ماحولیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایران کا کہنا تھا کہ تحفظ ماحولیات پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمول کے پروٹوکول اور سیاسی و سفارتی بندشوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، تحفظ ماحولیات کے لیے کام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ 
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ تسلط پسند عالمی طاقتوں کی ناجائز خواہشات، دہشتگردی اور فیصلہ سازی کے حوالے سے علاقائی حکومتوں کے پاس لازمی ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے ماحولیات کے مسائل ایک چیلنج بن گئے ہیں۔ 
انہوں نے مغربی ملکوں کی تسلط پسندانہ سوچ پر استوار اقتصادی پالیسیوں کو ماحولیات کے بحران کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے کہ یہ طاقتیں اس حوالے سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گی۔
صدر ایران نے کہا کہ مغربی ایشیا کے خطے کو ماحولیات کے حوالے سے لاتعداد مشکلات کا سامنا ہے اور گرد و غبار کے طوفانوں کا اٹھنا ان میں سے ایک ہے۔ 
واضح رہے کہ مغربی ایشیائی ملکوں کے وزرائے ماحولیات کا اجلاس ایران کی تجویز پر تہران میں ہو رہا ہے جس میں خطے کے گیارہ ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد علاقے میں ماحولیات کے حوالے سے پائی جانے والی مشکلات خاص طور سے گردو غبار کے طوفانوں پر قابو پانے کی راہوں کا جائزہ لینا ہے۔

ٹیگس