آستانہ عمل سے متعلق تہران میں سہ فریقی سربراہی اجلاس کل
شام سے متعلق آستانہ عمل کے ضامن ملکوں کا سہ فریقی سربراہی اجلاس کل منگل کو ایران، روس اور ترکی کے سربراہوں کی شرکت سے تہران میں منعقد ہو رہا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا ہے کہ سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شام میں لڑائی والے علاقوں میں کشیدگی کم کرنے اور شام میں استحکام کے تحفظ کے مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شام اور ترکی کے مابین نئے سیکورٹی بحران کو حل کئے جانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں وہ انقرہ اور دمشق کے اپنے دوروں میں ایران کے صدر کا پیغام ساتھ لے کر گئے تھے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی شام میں تیس کلو میٹر اندر تک فوجی کاروائی کرنے کی بات کرتا ہے اور ایران اس مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا کہ تہران کے سربراہی اجلاس میں شام میں لڑائی والے علاقوں میں کشیدگی کم کرنے کے علاوہ شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور اس ملک میں امن و استحکام کے قیام میں مدد جیسے مسائل پر بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ روس اور ترکی کے تعاون اور شام میں قیام امن امن کی غرض سے آستانہ مذاکرات دو ہزار سترہ میں ایران کی کوششوں سے شروع ہوئے ہیں۔