اسرائیلی ویب سائٹ پر شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر
ہیکرز نے اسرائیلی ویب سائٹ کو ہیک کر کے اُس پر شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر نشر کر دیں۔
عراقی ہیکروں کے ایک گروپ نے کہ جس کا نام «الطهریه» ہے منگل کے روز قدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت سے وابستہ 3 کمپنیوں کی ویب سائٹ کو ہیک کر کے اس کے پہلے صفحے پر شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر نشر کیں اور اس شہید کے بارے میں رضاکار فورس الحشد الشعبی کا ترانہ نشر کیا۔
صیہونی اخبار یدیعوت آحارانوت کی ویب سائٹ نے ہیک کئے جانے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الطهریه گروپ کے ہیکروں نے چند ماہ قبل بھی اسرائیل کے ایر پورٹ کی ویب سائٹ کو ہیک کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شارپ بوائز نامی ہیکر گروپ نے صیہونی مراکز اور ان کی سائٹوں پر پے درپے حملے کئے تھے۔ اس سائبر حملے میں ہیکرز نے صیہونی حکومت کی جاسوسی سرگرمیوں سے متعلق ایک لاکھ بیس ہزار فائلیں ہیک کیں جو صیہونی حکومت کی ہوٹلنگ اور سیاحت کی اصلی سائٹوں سے متعلق تھیں۔
ان فائلوں میں جاسوسوں کے نام، ان کی بائیوگرافی، ان کے سفر کا وقت، سفر کے اخراجات اور ان کے پاس موجود کریڈٹ کارڈ کی اطلاعات موجود تھیں۔
صیہونی ذرائع نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کی جاسوسی سرگرمیوں سے متعلق اطلاعات کے فاش ہونے سے موساد کے جاسوسوں کو سنگین خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق بعض جاسوسوں نے اس سائبر حملے اور اطلاعات ہیک ہونے کے بعد اپنے موبائل پر یہ پیغام وصول کیا ہے کہ "کہاں کا سفر کرو گے، تم سفر میں بھی ہمارے کنٹرول میں ہو۔"
قابل ذکر ہے کہ حالیہ مہینوں میں صیہونی حکومت کے خلاف سائبر حملوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔