چینی سفیر کی قائد انقلاب اسلامی کے مشیر سے ملاقات
چین کے سفیر نے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے مشیرڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات اور باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔
تہران میں تعینات چین کے سفیر چانگ ہوا نے بین الاقوامی امور میں قائد انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر قائد انقلاب اسلامی کے مشیر نے دونوں ملکوں کے درمیان قائم اسٹریٹیجک تعلقات کے مزید فروغ اور استحکام پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ایک بیلٹ ایک روڈ منصوبہ میں ایران کی گنجائشوں سے بھی فائدہ اٹھایا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
علی اکبر ولایتی نے افغانستان کی موجودہ صورتحال کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ افغانستان کے مستقبل کے لئے ایران چین تعاون بہت مؤثر اور اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک حکومت کی تشکیل کے لئے واحد راستہ عوامی حمایت یافتہ حکومت ہے اور کابل کے موجودہ حکمرانوں اور ان کے ہمسایوں کے درمیان مذاکرات ایک مضبوط حکومت کے قیام کے لئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی کے مشیر نے چین کو اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اسٹریٹجک اتحادی قرار دیا۔ انہوں نے نیٹو کی جانب سے روس کے خلاف توسیع پسندانہ اقدامات اور متحدہ چین کو لاحق امریکی خطرات کی طرف بھی اشارہ کیا اور متحدہ چین کی حمایت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے خطرات کے مقابلے میں مزاحمت ضروری ہے اورہم بھی ان امریکی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقوں کے بارے میں کہا کہ یہ مشترکہ فوجی مشقیں علاقائی سکیورٹی اور مستقبل کےلئے بہت اہمیت کی حامل ہیں اور عالم اسلام کے ایک اہم ملک کی حیثیت سے ایران اس تعاون کو مزید فروغ دینے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے مغربی ایشیا کو عالمی سیاست کا دھڑکتا دل قرار دیا اور کہا کہ ایران اس خطے میں سب سے زیادہ اثر و رسوخ کا حامل ہے۔
چینی سفیر نے بھی اس ملاقات میں متحدہ چین کی حمایت پر مبنی ایران کے موقف کی قدردانی کی۔ انہوں نے ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مزید فروغ پر زور دیا اور کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
چانگ ہوا نے ایران چین روابط کے بارے میں کہا کہ یہ رابطہ باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہے اور دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ان تعلقات کو بنانے میں کافی کوششیں کی ہیں اور جناب عالی بھی ان شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے ان باہمی روابط کے بڑھانے اور ان کی مضبوطی میں بہت فعال کردار ادا کیا ہے۔
چینی سفیر نے ایک بلیٹ ایک روڈ کے منصوبے کے بارے میں بھی کہا کہ ہم بہت خوش ہیں کہ ایران اس منصوبے میں ایک اہم ملک کے طور پر شامل ہے۔