ایران سے بڑی خبر، مسافر بردار طیارہ کبھی بھی ہو سکتا لانچ
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ ہمارے ہونہار نوجوان، مسافر بردار طیارہ بنانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: پیر کو ملک کی دفاعی صنعت کے عہدیداروں اور ملازمین سے ملاقات میں صدرمملکت ڈاکٹر سید ابراہم رئیسی نے کہا کہ وزارت دفاع کے قابل اور ہونہار نوجوان مسافر بردار طیارہ بنانے میں صرف ایک قدم کی دوری پر ہیں۔
انہوں نے یوم دفاعی صنعت کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کام جہاں نہ صرف ایرانی قوم بلکہ عالم اسلام اور انقلاب اسلامی کے حامیوں کے لیے خوشی کا باعث ہے، وہیں دشمنوں کے لیے بھی مایوس کن خبر ہے۔
صدر ایران ابراہیم رئیسی نے وزارت دفاع کو ملک کا دارالحکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی دفاعی صنعت پر ہر قسم کے دباؤ، پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ہم نے اس شعبے میں مزید ترقی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران پہلے کی بہ نسبت بہت زیادہ طاقتور ہے جبکہ ہمارے دشمن ہر دور کے مقابلے میں کمزور ہو چکے ہیں۔
صدر مملکت رئیسی کا کہنا ہے کہ جس چیز نے ہمیں میدان میں موثر بنایا ہے وہ ہمارے محنتی اور انقلابی عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ ہم ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے اور خطے سے بالادستی کے اثرات کو ختم کریں گے کیونکہ یہ خطہ علاقائی اقوام کا ہے دوسروں کا نہیں۔