ایران نے امریکا کے ساتھ بالواوسطہ مذاکرات کی تاریخ کو قبول نہیں کیا
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کا موضوع ایسا معاملہ ہے جس پر گفتگو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سحر نیوز/ ایران: حسینیہ امام خمینی (رح) میں سابق صدر آيت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی پہلی برسی کے پروگرام میں صحافیوں کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ اب واضح طور پر امریکیوں کے غیرمعقول اور غیرمنطقی موقف کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان باتوں پر ایران نے واضح ردعمل ظاہر کردیا ہے اور وہ یہ ہے کہ یورینیم کی افزودگی پر مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ایران امریکہ بالواوسطہ مذاکرات کے وقت اور جگہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کی تاریخ کی تجویز دی گئی ہے لیکن ہم نے اسے ابھی تک قبول نہیں کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے گزشتہ چند روز کے دوران واضح موقف اپنایا اور آج رہبر انقلاب اسلامی نے بھی فیصلہ سنا دیا۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی عوام کے حقوق کے حصول کے لیے مذاکرات میں شامل ہوئے اور اپنے حق سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یاد رہے کہ ایران امریکا بالواوسطہ مذاکرات کا چوتھا دور 11مئی کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہوا تھا۔