Sep ۱۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • ازبکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں کسی حد کے قائل نہیں: صدر ایران (ویڈیو)

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی شنگھائی تعاون تنطیم (SCO Summit) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کےلئے گزشتہ روز ازبکستان پہنچے ہیں، جہاں پر ازبک صدر شوکت میرضیاووف نے سرکاری تقریب میں ان کا باضابطہ خیرمقدم کیا۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اپنے ازبک ہم منصب شوکت میرضیاووف سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 500 ملین ڈالر ہے جو پہلے مرحلے میں تین سے چار گنا تک بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی میدان میں ایران کی تکنیکی اور انجینئرنگ مہارتیں ازبکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت سے پہلے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی، ہم آہنگی، یکجہتی اور کثیرالجہتی تعاون ان کے دورۂ ازبکستان کے اہداف میں شامل ہیں۔

ازبک صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی رکنیت کا خیرمقدم کیا اور صدر رئیسی کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے حکام کے دوطرفہ دوروں اور پیشرفت کا ذکر کیا اور انہیں تعلقات کے فروغ کی بنیاد قراردیا۔

ازبک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کمیشن کے قیام اور تجارتی لین دین میں 73 فیصد اضافے سے صدر ایران کو آگاہ کیا۔

صدر ایران کا باضابطہ استقبال کرتے انکے ازبک ہم منصب

ٹیگس