ایران اور جاپان کے سربراہوں کی ملاقات، تعلقات کے مزید فروغ کے لئے پرعزم
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے نیویارک میں اپنی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس ملاقات میں صدر ایران رئیسی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو امریکہ کی ظالمانہ اور یکطرفہ پابندیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ہمیں کچھ نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ بہت سے ممالک کے ساتھ ایران کے اقتصادی و تجارتی تعلقات روز بروز فروغ پا رہے ہیں اور ایران و جاپان کے درمیان پائے جانے والے قدیمی تعاون کی روشنی میں دونوں ممالک کے تعلقات کو روزانہ کی بنیادوں پر مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
صدر ایران نے جاپان کے سابق وزیر اعظم آنجہانی شینزو آبے کو بھی یاد کیا اور کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی سطح کو بڑھانے کے لئے بڑی جدوجہد کی۔
سید ابراہیم رئیسی نے جامع ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ اور غیر قانونی جدائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاملے کے سلسلے میں ایران کا موقف بالکل واضح اور قابل دفاع ہے۔
جاپان کے وزیر اعظم نے بھی اس ملاقات میں ماضی میں اپنے دورہ ایران کا ذکر کیا اور صحت، پانی، ماحولیات اور انسداد بحران کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹوکیو تہران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کی سطح کو بڑھانے پر آمادہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور جاپان کے آپسی تعلقات کو نو دھائیاں مکمل ہو چکی ہیں۔