ایران کی سب سے بڑی کارساز کمپنی نے اپنی مکمل الیکٹرک کار متعارف کرا دی
ایران کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی نے اپنی مکمل الیکڑک کار متعارف کرا دی۔ کار 2023ء میں مارکیٹ میں فروخت کے لئے پیش کی جائے گی۔
الیکڑک کار کے اس ماڈل کی نمائش ایکو کمپنی کے ہیڈکوارٹر واقع مغربی تہران میں کی گئی جس کا نام تارا رکھا گیا ہے۔اس کار کو کمپنی کے ایکو ٹیکنالوجی ڈویژن جیٹکو نے تیار کیا ہے۔ 45 کلوواٹ کی بیٹری کی حامل یہ کار ایک دفعہ مکمل چارج ہونے پر 300 کلومیٹر تک سفر کر سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر داؤد اسماعیل پور نے بتایا کہ اس منصوبے میں 15 ایرانی کمپنیاں شامل ہیں جو مل کر اس تارا کار کے منصوبے کو ڈیزائن اور ڈویلپ کریں گی اور یہ ایران کی پہلی الیکڑک کار ہوگی جو بڑے پیمانے پر تیاری کے مرحلے سے گزرے گی۔
کمپنی پروڈکشن کے پہلے سال اس ماڈل کی 5000 کاریں تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کمپنی کے مطابق حکومت کی طرف سے لازمی مدد کی صورت میں شہروں میں چلنے والی ساری ٹیکسی کاریں اس الیکٹرک کار میں تبدیل کر دی جائیں گی ۔
یاد رہے کہ ایران کی حکومت مقامی کمپنیوں کو سپورٹ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اور کار بنانے والی کمپنیاں اپنے نئے نئے ماڈل متعارف کرا رہی ہے۔