چودہ سو کلو میٹر تک مارکرنے والے میزائل کی رونمائی
دفاع مقدس کی سالانہ پریڈ کے موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس نے پہلی بار زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل رضوان کی رونمائی کی ہے۔
دفاع مقدس کی بیالیسویں سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت تہران سمیت پورے ملک میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور صوبائی دارالحکومتوں میں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ۔ دفاع مقدس کی مرکزی پریڈ تہران میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح کے مراز پر منقعد ہوئی ۔ اس موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس نے پہلی بار، زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل رضوان کی رونمائی کی ۔ مائع ایندھن سے چلنے والا یہ سنگل اسٹیج میزائل ایک ہزار چار سو کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے اور اس پر نصب وار ہیڈ اس سے جدا ہوجاتا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے، دفاع مقدس کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں، دفاع مقدس کا دور قوم کی تجدید حیات کا نقطہ آغاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفاع مقدس نے ایرانی قوم کو طاقت کے عالمی توازن اور ڈھانچے کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنا دیا ہے۔
میجر جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم بارہا اپنی امن پسندی کو ثابت کرچکی ہے لہذا ہماری عسکری طاقت صرف اپنے دفاع کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج زمینی، فضائی ،بحری اور خلائی میدان میں ہماری مسلح افواج ملکی طاقت اور توانائیوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں ۔ مسلح افوج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے واضح کیا کہ ہماری دفاعی طاقت نے نہ صرف اندرونی استحکام پیدا کیا ہے بلکہ ملک کی ہمہ گیر ترقی کا راستہ بھی ہموار کردیا ہے اور ہم اس پیشرفت کو دشمن کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت و فداکاری کی دین سمجھتے ہیں۔
ایران کے اعلی ترین فوجی کمانڈر کا کہنا تھا کہ ہمیں خلیج فارس کے جنوبی ملکوں سے امید ہے کہ وہ صیہونیوں کی فتنہ انگیزی سے ہوشیار رہیں گے، کیونکہ صیہونی حکومت کی موجودگی خطے کی سلامتی میں حائل ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج علاقے میں صیہونی حکومتی کی ایک ایک حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں صیہونی عناصر اور ان کے حامیوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔